اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سیکرٹری وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ محمد افضل حیدری نے واضح کیا ہے کہ مدارس دینیہ قرآن و حدیث کی تعلیمات کے مراکز ہیں ان پر دہشت گردی کے الزامات قابل مذمت ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں علامہ افضل حیدری نے کہا کہ جو مدرسے ملوث ہیں، ان کے خلاف متعلقہ وفاق المدارس کی قیادت کو اعتماد میں لے کر کارروائی کی جائے، اتحاد تنظیمات مدارس کو اعتراض نہیں ہو گا۔ ایک سوال پر علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ کسی شیعہ مدرسے پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام نہیں۔ جو مدرسے دہشت گردی میں ملوث ہیں ان کے خلاف صوبائی حکومت کارروائی بھی کر چکی ہے، اتحاد تنظیمات مدارس کے کسی وفاق نے اس پر احتجاج نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی اور مسلک کے صدیوں پرانے اختلافات کو سمجھنے کی کوشش کرے۔ دہشت گردی کے پھیلانے میں نیم خواندہ ملاوں کی اشتعال انگیزی کا بنیادی کردار ہے جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲